پاکستان کی مسلح افواج کو دنیا میں بہترین افواج ہونے کا اعزاز حاصل ہے، سپیکر قومی اسمبلی

پاکستان کی مسلح افواج کو دنیا میں بہترین افواج ہونے کا اعزاز حاصل ہے، سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد، (سٹاف رپورٹر)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی کامیابی پر ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً آج کا دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے افواجِ پاکستان کی بے مثال جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے مکمل تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ ملک کے دفاع کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج دنیا پاکستانی فضائیہ کو فضاؤں کا بادشاہ اور ہماری مسلح افواج کو دنیا کی بہترین افواج میں شمار کر رہی ہے جس کا تمام تر کریڈٹ ہماری پاک افواج کو جاتا ہے جن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت آج پاکستان کو عظیم مقام حاصل ہوا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم نے مثالی ملی یکجہتی، صبر، ثابت قدمی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کیا۔ تمام سیاسی قوتوں نے سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر ملکی سلامتی اور بقاء کی خاطر یکجہتی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قومی یکجہتی کے نتیجے میں پاکستان کو کامیابی اور فتح سے ہمکنار فرمایا۔ آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کے تحت دشمن کی جارحیت کا مؤثر، مکمل اور بھرپور جواب دیا گیا۔ پاکستان کی ہر سطح پر فتح اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اور قوم کی استقامت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جارحیت کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر ہماری سفارتی حکمت عملی کو بھرپور سراہا گیا۔ آج پاکستان کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی اور عسکری برتری عالمی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے بہادر جوانوں، عام شہریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ملک کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر امر ہو گئے ہیں۔ قوم شہداء کی ان لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے یوم تشکر کے موقع پر پوری قوم سے ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی اتحاد اور یکجہتی کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں