اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10 کی فتح پر مبارکباد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر لاہور قلندرز کی ٹیم، انتظامیہ اور مداحوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ لاہور قلندرز کی فتح ٹیم ورک، محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 کے فائنل میں شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کا سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملا، جس سے نہ صرف کھیل سے محبت کرنے والوں کو خوشی ملی بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا گیا۔
سردار ایاز صادق نے فائنل میں شریک دونوں ٹیموں کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میچ میں پیش کیا جانے والا کھیل کرکٹ کے بہترین معیار کا عکاس تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 10 میں شریک تمام ٹیموں نے مثالی کھیل پیش کیا اور شائقین کو معیاری تفریح فراہم کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور پوری انتظامیہ کو شاندار انتظامات پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے پرامن اور منظم انعقاد میں سیکیورٹی اداروں نے کلیدی کردار ادا کیا، جس میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت پاکستان پر بین الاقوامی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔ پی ایس ایل کے کامیاب اور پر امن ایونٹ کے ذریعے دنیا کو ایک مرتبہ پھر یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن، محفوظ اور کھیل سے محبت کرنے والا ملک ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ایس ایل 10 میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے لیے کامیابی کی دعا کی۔