وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پمز ہسپتال آمد، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پولیس کانسٹیبل جعفر جہانگیر کی عیادت کی، بلند حوصلے کو سراہا

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پمز ہسپتال آمد، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پولیس کانسٹیبل جعفر جہانگیر کی عیادت کی، بلند حوصلے کو سراہا
مکمل صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار۔ زخمی کانسٹیبل جعفر کے بہترین علاج معالجے کے لئے ہدایات دیں۔ اسلام آباد پولیس کے سپوتوں نے ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔محسن نقوی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پمز ہسپتال میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پولیس کانسٹیبل جعفر جہانگیر سے آج ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل جعفر کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ انہوں نے زخمی کانسٹیبل جعفر جہانگیر کے بلند حوصلے کو سراہا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل جعفر کی مکمل صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل جعفر کے بہترین علاج معالجے کے لئے ڈاکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زخمی پولیس کانسٹیبل جعفر کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل جعفر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد پولیس کے سپوتوں نے ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی ایک پروفیشنل اور نڈر افسر تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی کے اہلخانہ کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے گا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصر رضوی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور اعلی پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سدھیر عباسی شہید اور کانسٹیبل جعفر جہانگیر زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں