بنیادی حقوق کےمصنوعی ٹھیکیدار بےنقاب کیےجائیں، مصلحت ایک طرف کرکےسچ کوترجیح دینی ہوگی، سرفراز بگٹی
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بنیادی حقوق کے مصنوعی ٹھیکیداروں کے چہرے بے نقاب کئے جانے چاہییں، مصلحتوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے سچ کو ترجیح دینا ہوگی۔
اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں کی جانے والی تقاریر پر مسلم لیگ (ن) کے نمائندہ سینیٹر عرفان صدیقی کے زوردار ردّعمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیراعلی نے کہا کہ” اُستاد محترم نے اُن لوگوں کو آئینہ دکھا کر پوری قوم کی طرف سے فرض کفایہ ادا کر دیا ہے۔
پنجاب، وفاق، مسلح افواج اور آئین کے بارے میں بعض مقررین کے منفی ریمارکس پر شدید ردّعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا تھا یہ سوچ نامناسب ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے بچوں، ہماری بہنوں، ہماری ماؤں، ہمارے نوجوانوں کے شناختی کارڈ دیکھ کر ذبح کردیاجاتا ہے لیکن پورے پنجاب سے ایک بھی آواز بلوچستان کے خلاف نہیں اٹھتی کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ سب بلوچستان کے لوگ نہیں، چند شرپسند عناصر کرتے ہیں جن کی پشت پناہی کہیں اور سے ہورہی ہے۔
سینیٹر صدیقی کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ اب مصلحتوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے سچ کو ترجیح دینا ہوگی، ورنہ جھوٹ کا یہ کاروبار چلتا رہے گا، بنیادی حقوق کے مصنوعی ٹھیکیداروں کے چہرے بے نقاب کئے جانے چاہییں
وزیراعلی سرفراز بگٹی نے سینیٹر عرفان صدیقی کو فون کرکے موثر طریقے سے پاکستان کا قوی بیانیہ اور موقف پیش کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔