پاکستان اور بنگلادیش میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

ڈھاکہ: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین اور مشیر تجارت بشیر الدین سے ڈھاکا میں اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ڈھاکہ میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اعلیٰ سطح پر روابط، عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی بنیادوں پر تعاون بھی زیرِ بحث آئے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر غور کیا گیا، سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر زور دیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئے جو دونوں ممالک کے درمیان موجود خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں، مذاکرات میں دونوں ممالک کے متعلقہ شعبوں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

اس موقع پر بنگلادیش کے مشیر خارجہ امور نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے مشیر برائے تجارت شیخ بشیرالدین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا، جس میں خاص طور پر تجارت میں اضافے اور روابط کے فروغ پر توجہ دی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرِ تجارت جام کمال خان بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے جہاں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں