امریکہ انڈیا تجارتی جنگ، ’مودی نے ٹرمپ کی چار فون کالز سُننے سے انکار کیا‘

امریکہ انڈیا تجارتی جنگ، ’مودی نے ٹرمپ کی چار فون کالز سُننے سے انکار کیا‘

جرمن اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلی فون کالز لینے سے انکار کر دیا تھا۔

اخبار فرینکفرٹر زیٹونگ (ایف اے زی) نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر کی چار ٹیلی فون کالز لینے سے انکار کیا جو ’شدید غصے کے ساتھ محتاط‘ (رویے) کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

جاپانی اخبار نکی ایشیا نے بھی اسی طرح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی صدر ٹرمپ کی کالز کو نظرانداز کر رہے تھے جس سے امریکی صدر ’کا غصہ مزید بڑھ گیا۔‘

ٹرمپ کا ٹیرف ’وار‘، مودی چین سے تعلقات بہتر بنانے اور براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے کوشاں

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے محصولات میں اضافے کے بعد واشنگٹن اور نیو دہلی کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

امریکہ نے انڈین درآمدات پر 50 فیصد محصولات عائد کیے ہیں جو برازیل کے علاوہ کسی بھی ملک پر لگایا گیا سب سے زیادہ ٹیرف ہے۔

دوسری جانب انڈیا نے کہا ہے کہ وہ امریکی دباؤ کا سامنا کرنے کو تیار ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے کسانوں کے مفادات پر کبھی ’سمجھوتا نہیں کریں گے۔‘

جرمن اخبار نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ اور انڈیا کے درمیان تجارتی جنگ سے ظاہر ہے کہ نیو دہلی واشنگٹن کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

رپورٹ کے مطابق ’ایسے اشارے موجود ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مودی کو اپنی توہین محسوس ہوئی۔‘

جرمن اخبار کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے حوالے سے امریکی بیانات کے بعد انڈیا کے نزدیک ٹرمپ کا تاثر بہت حد تک تبدیل ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں