ایشیا کپ 2025: ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کے جیت کیلئے حوصلے بلند

ایشیا کپ 2025: ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کے جیت کیلئے حوصلے بلند

دبئی: متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی، اس موقع پر میڈیا سینٹر پر بھی خوب گہما گہمی نظر آئی جبکہ پاکستان اور بھارتی کپتانوں کی نظروں کا ملاپ اور مصافحہ مرکز نگاہ رہا۔

اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے، ایشیا کپ پریس کانفرنس میں کپتانوں کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

قومی کپتان سلمان علی آغا نے اس موقع پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بطور ٹیم ہم ایشیا کپ کیلئے تیار ہیں اور کافی پرجوش ہیں، یہ ہمارے لیے ایک امتحان ہے اور ہم پورے اعتماد کے ساتھ اس چیلنج کو قبول کریں گے۔

پاکستانی کپتان نے مزید کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہاں کہاں مسائل ہیں اور کتنا وقت لگے گا لیکن ہم ہر پوائنٹ پر توجہ دے رہے ہیں، چیلنجز ضرور آئیں گے مگر ہم سب مل کر کھیل کا لطف اٹھائیں گے، ہم نے ایک ٹیم کی طرح اچھا پرفارم کیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کریں گے۔

سلمان علی آغا نے پاک بھارت میچ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی خاص ہدایت تو نہیں ملی بس اپنی گیم پر توجہ رکھیں گے، پاکستانی کھلاڑیوں کو دبئی میں کھیلنے کا تجربہ ہے، ٹی 20 فارمیٹ میں کسی کو بھی فیورٹ نہیں کہا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ لکھیں