وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سکول و مدارس کے 5 لاکھ ہونہار طلبا و طالبات کے لیے کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھر کے ہونہار اور قابل بچوں کو بااختیار بنانے کے عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں، قابل بچے اور بچیاں ہی پاکستان کا سرمایہ ہیں، بچوں کو بااختیار بنانا، جدید ترین ٹیکنالوجی اور مہارتیں فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں، طلبا و طالبات کو کروم بکس صرف میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر دی جا رہی ہیں، ماضی میں نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں میرٹ پر چھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، کروم بکس کے ساتھ طلبہ کو ایک سکول بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کروم بکس فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائیں، ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی قید میں نہیں ہونا چاہئے، طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا مقصد انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 سال میں طلبہ کو میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے، جدید ڈیجیٹل سہولیات سے طلبہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیم اور ای لائبریری سے استفادہ کر سکیں گے، اب 2 سال میں 5 لاکھ کروم بکس میرٹ پر تقسیم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کروم بکس فراہم کرنے پر ٹوکیو ٹیکنالوجی کیئر فاؤنڈیشن کے اقدام کو سراہتے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے ملک کے بچوں کی تعلیم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کے فروغ کے لیے عطیہ دیا، سمندر پار پاکستانی نوجوان ہمارا حقیقی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں میں رہائش اور کھانے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، دانش اسکولوں میں طلبہ کو معیاری تعلیم، اسمارٹ بورڈز اور ای لائبریریز فراہم کی جا رہی ہیں، دانش سکولوں میں تمام تعلیمی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 27 دانش سکول زیر تعمیر ہیں، بچوں کو باصلاحیت اور قابل پاکستانی بنانے کے لیے تمام وسائل فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، سید شمس رضا جیسے کئی بچے مشکلات کے باوجود تعلیم حاصل کرنے اور قوم کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ سکیموں میں شامل کیا گیا تھا، کروم بکس اعلیٰ تعلیم کے ساتھ باوقار روزگار کے حصول کا ذریعہ بھی بنیں گی، کووڈ کے دوران لیپ ٹاپس نے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے اور روزگار حاصل کرنے میں مدد دی۔
وزیراعظم نے طلبہ سے کہا کہ تعلیم ایسا زیور ہے جو انسان کو معاشرے میں ممتاز مقام دلاتا ہے۔