پاکستان ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا، حفاظت کر رہا ہے: فاروق عبداللہ

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نےکہا ہے کہ پاکستان ہر موقع پرکشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ لوگوں کو دہلی حکومت سے یہ امید ہےکہ آپ کو انصاف دے گی؟

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا، آپ میں بھارتی حکومت کا مقابلہ کرنے اور ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کی ہمت ہونی چاہئے، اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو آپ کا وجود مٹ جائےگا، آپ کا نام و نشان اور شناخت ختم ہو جائےگی اور کوئی آپ کو یاد تک نہیں رکھے گا۔

فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہمارا پڑوسی پاکستان مسلسل ان کے پیچھے پڑا ہوا ہے، وہ ہر جگہ جا کر کہتا ہےکہ مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوا، وہ ہماری حفاظت کر رہا ہے، ورنہ بھارت کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں، وہ کہتے کچھ ہیں لیکن کرتے بالکل اس کے برعکس ہیں۔

نیشنل کانفرنس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ میں سچ کا ساتھ دینے اور اس پر ڈٹ جانےکا حوصلہ ہونا چاہئے، سچ بولنا آسان نہیں ہوتا لیکن جب تک آپ سچ نہیں بولیں گے اور اس پر مضبوطی سے قائم نہیں رہیں گے، آپ کا مستقبل کبھی محفوظ نہیں ہو سکتا۔

دوسری جانب فاروق عبداللہ کے بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے صدر ست شرما نے فاروق عبداللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی عوام سے معافی مانگیں، یہ بیانات ناقابل قبول ہیں، اگر انہیں پاکستان سے اتنی ہی گہری محبت ہے تو انہیں پاکستان جا کر وہاں آباد ہو جانا چاہئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں