راولپنڈی: ایئرپورٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی راولپنڈی میں کمیونٹی سینٹر کے پلاٹ کی مبینہ غیر قانونی تبدیلی اور دکانوں کی غیر مجاز تعمیر کا معاملہ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب لاہور پہنچ گیا۔ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب کے ڈپٹی رجسٹرار (جوڈیشل) نے اس حوالے سے باقاعدہ سماعت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سوسائٹی انتظامیہ اور متعلقہ افراد کو طلب کر لیا۔
دستاویز کے مطابق محمد عرفان خان ولد محمد ذوالفقار خان نے ایئرپورٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ راولپنڈی کے خلاف کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925 کی دفعہ 54 اور کوآپریٹو سوسائٹیز رولز 1927 کے رول 32-A کے تحت درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوسائٹی کے کمیونٹی سینٹر کے لیے مختص پلاٹ کی غیر قانونی تبدیلی اور وہاں غیر مجاز طور پر دکانوں کی تعمیر کو روکا جائے۔
رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب لاہور کے دفتر سے جاری نوٹس نمبر RCS/JUDL/202-26/1864 مورخہ 10 نومبر 2026 کے ذریعے سوسائٹی سمیت متعلقہ فریقین کو 11 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے سماعت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
نوٹس میں سوسائٹی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ جواب دہندگان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مقررہ تاریخ پر تمام متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوں۔
قانونی کارروائی کے اس معاملے نے سوسائٹی میں کمیونٹی سینٹر کے لیے مختص اراضی کے استعمال، مبینہ غیر مجاز تعمیرات اور انتظامی فیصلوں سے متعلق اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔