پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا بھاری اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے اختتام پر ملکی قرضوں کا حجم 90.98 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا ہے اور وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جون 2025 کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضے 84.8 ٹریلین روپے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اگلے 12 ماہ کے دوران ان قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ رقم بڑھ کر 90.98 ٹریلین روپے ہوگئی۔
اس طرح ایک سال کے عرصے میں حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 6.2 ٹریلین روپے، یعنی 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ سامنے آیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے مالی سال 2027 سے 2029 کے لئے مرتب کردہ قرضوں کی پائیداری کے تجزیے میں بھی ان اعدادوشمار کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے اختتام تک حکومت کے مجموعی قرضوں اور حکومت کی جانب سے ضمانت فراہم کردہ قرضوں کی مالیت 90.98 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس سے گزشتہ سال یہی حجم 84.8 ٹریلین روپے تھا۔
دوسری جانب سرکاری قرضوں میں نمایاں اضافے کے باوجود مجموعی قرضوں کا ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) سے تناسب کم ہو کر 72 فیصد رہ گیا ہے۔