وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے استقبال کے لیے شہری سڑکوں پر نکل آئے، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، والہانہ استقبال
راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی راولپنڈی آمد پر شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ویلفیئر کمیٹی پیر جمشید کالونی کے آر ایل کھنہ پل روڈ ملک عارف، صدر ویلفیئر کمیٹی حافظ شاہد اور نائب صدر اظہر ستی نے عمائدین علاقہ کے ہمراہ مری روڈ پر وزیراعلیٰ پنجاب کا استقبال کیا۔
اس موقع پر چیئرمین ویلفیئر کمیٹی ملک عارف نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی راولپنڈی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے یہاں پہنچے ہیں۔ راولپنڈی میں انڈر پاسز، فلائی اوورز، سڑکوں کی توسیع، بیوٹیفکیشن اور ہسپتالوں کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
صدر ویلفیئر کمیٹی حافظ شاہد نے کہا کہ کے آر ایل روڈ پر پارک کی تعمیر اور بیوٹیفکیشن کے کام وزیراعلیٰ مریم نواز کی ذاتی توجہ اور دلچسپی کا مظہر ہیں۔ گزشتہ پچاس برسوں میں کسی نے ہمارے علاقے کی ترقی پر اس طرح توجہ نہیں دی۔
نائب صدر اظہر ستی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کے باعث آج علاقے کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ دیگر صوبوں کے عوام بھی اپنے حکمرانوں کو پنجاب کی ترقی کی مثالیں دیتے ہیں، جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔