اسلام آباد پولیس میں اہم تقرریاں و تبادلے، تاریخ میں پہلی بار مردوں کے تھانے میں خاتون ایس ایچ او تعینات
اسلام آباد: اسلام آباد پولیس میں اہم سطح پر تقرریاں اور تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں۔ دارالحکومت کے 6 تھانوں میں نئے ایس ایچ اوز تعینات کر دیے گئے ہیں، جن میں سب سے نمایاں پیش رفت تھانہ پھلگراں میں خاتون سب انسپکٹر مصباح شہباز کی بطور ایس ایچ او تقرری ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اسلام آباد پولیس کی تاریخ میں کسی مردوں کے تھانے میں خاتون افسر کو ایس ایچ او مقرر کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے تقرریوں کے احکامات جاری کیے اور اس اقدام کو پولیس فورس میں صنفی امتیاز کے خاتمے کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ “اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید تھانوں میں بھی خواتین افسران کو موقع دیا جائے گا۔”
دیگر تقرریوں میں عالمگیر خان کو تھانہ کورال، زاہد حسین کو تھانہ نیلور، اور شاہنواز ڈوگر کو تھانہ شمس کالونی کا ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے۔ جبکہ بسرین اختر بدستور تھانہ ویمن کی انچارج رہیں گی۔
ڈی آئی جی محمد جواد طارق کے مطابق ناقص کارکردگی اور جرائم پر قابو پانے میں ناکامی پر تھانہ کورال، تھانہ پھلگراں، تھانہ شمس کالونی اور تھانہ لوہی بھیر کے سابقہ ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان تھانوں کو ریسکیو 15 کلوز کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ان اقدامات کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور اسے ایک مثبت تبدیلی کی جانب قدم قرار دیا جا رہا ہے۔