فیلڈ مارشل نے برسلز میں انٹرویو دیا نہ پی ٹی آئی سے مصالحت کا ذکر کیا: ترجمان پاک فوج

فیلڈ مارشل نے برسلز میں انٹرویو دیا نہ پی ٹی آئی سے مصالحت کا ذکر کیا: ترجمان پاک فوج

اسلام آباد: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل نے برسلز میں انٹرویو دیا نہ پی ٹی آئی سے مصالحت کا کوئی ذکر کیا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ فیلڈمارشل نے برسلز میں کسی صحافی کو کوئی انٹرویو نہیں دیا اور نہ ہی کوئی سیاسی بات کی، فیلڈ مارشل نے تحریک انصاف سے مصالحت کا کوئی ذکر نہیں کیا، افسوس کی بات ہے کہ سینئر صحافی نے بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، فوج ایک ذمہ دار ادارہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ برسلز میں تقریب میں سیکڑوں افراد موجود تھے، تقریب میں شریک افراد نے فیلڈ مارشل کے ساتھ تصاویر بنوائیں، صحافی نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، یہ ایک صحافی کی ذاتی مفاد اور تشہیر حاصل کرنے کی کوشش ہے، صحافی نے نامناسب حرکت کی، جو شخص غیرقانونی حرکت کرے، اسے قانون کے کٹہرے میں آنا ہو گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ 9 مئی کرنے والوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 9 مئی صرف فوج کا نہیں قوم کا مقدمہ ہے، یہ ریاست پاکستان کے خلاف سازش تھی، نو مئی جیسے انتشار پر لوگوں کو معافی مانگنی چاہئے، معافی سے قانونی عمل رک نہیں سکتا۔

اپنا تبصرہ لکھیں