فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کی خودمختاری کیلئے حمایت کا عزم

فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کی خودمختاری کیلئے حمایت کا عزم

راولپنڈی: چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے وفد کے ہمراہ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس اہم ملاقات میں علاقائی سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے ہمہ موسمی سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خود مختاری کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی و عالمی فورمز پر رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا، ملاقات کا اختتام علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔

بعدازاں چینی وزیر خارجہ وانگ ای پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے، انہیں ہوائی اڈے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رخصت کیا۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور حفاظت میں مدد فراہم کی ہے، وہ اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

اس ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور سینئر کابینہ ارکان بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرتا رہے گا، انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چینی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور صدر شی جن پنگ کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ دورہ بیجنگ اور تیانجن کے لیے پُر امید ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور دوسری عالمی جنگ کے اختتام کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں