بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد پنجاب کے دریا بپھر گئے، سیکڑوں دیہات متاثر

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد پنجاب کے دریا بپھر گئے، سیکڑوں دیہات متاثر

لاہور: بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے بعد پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہو کر خطرناک حد کے قریب پہنچ گئی ہے۔

پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے باعث سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے، پنجاب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا، مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج بپھر گئے، دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، شاہدرہ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہونے کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا۔

دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 29 ہزار 700 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے راوی میں سیلابی ریلے سے شاہدرہ اور موٹر وے ٹو کے نشیبی علاقوں پر سیلاب کا خطرہ ہے۔

نارووال میں دریائے راوی کا پانی کرتارپور کوریڈور میں داخل ہوگیا، سکھوں کی عبادت گاہ کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، گورودوارہ میں پانی 5 سے 7 فٹ تک موجود ہے، نارووال روڈ بھی سیلاب کی زد میں آگئی، شکر گڑھ شاہراہ بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔

دریائے راوی میں شکر گڑھ بھیکو چک کے مقام پر بند میں شگاف پڑ گیا، جس کی وجہ سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں، متاثرہ دیہات سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، شکر گڑھ کے گاؤں جرمیاں جھنڈے کے علاقے میں پانی میں پھنسے 21 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔

دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، صورت حال کے پیش نظر سول ڈیفنس نے الرٹ جاری کر دیا، جبکہ سائرن بھی بجائے گئے ہیں۔

دوسری جانب دریائے ستلج بھی بپھر گیا، ہیڈگنڈاسنگھ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ گیا گیا ہے۔

دریائے ستلج میں بہاولنگر کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہونے سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، متاثرہ علاقوں میں رینجرز، فوج اور پولیس کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ہزاروں شہروں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں