بانی نے کہا خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگائیں پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے: علیمہ خان
لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی نے کہا ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگائیں پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے۔
اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، بانی کو اب ٹارچر کیا جا رہا ہے، عمران خان عوام کی آواز ہے، عوام کی آواز کو بند کرنا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا ہے میں فرعونیت کے آگے نہیں جھکوں گا، ہم بھی نہیں جھکیں گے، بہن نورین نیازی پر تشدد کیا گیا، عظمیٰ رانی کو ایس ایچ او گلناز نے کہا ان کو گھیسٹ کر پولیس وین میں پھینکو، بانی نے مثال قائم کر دی کہ صرف اللہ سے ہی ڈرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی آرام سے گھر بیٹھ سکتے ہیں، ہمارا بھائی پاکستان کے مستقبل کیلئے کھڑا ہے، نصیحت کرتے ہیں وقت آگیا اب عوام بھی کھڑے ہوجائیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی نے کہا ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگائیں پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے، سارا خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے، حکومت ختم کرنے کا مقصد ہے عوام کے نمائندوں کو ہٹا کر اپنا بندہ لگانا ڈکٹیٹر شپ ہوتی ہے، آپ ڈکٹیٹر شپ لاتے ہیں تو انتشار پھیلے گا، یہ چاہ رہے ہیں انتشار پھیلے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طے شدہ ہے منگل کے روز بانی سے 6 لوگوں کی ملاقات ہوگی، میں قانون والی بات کر رہی ہوں، یہ کس قانون کے تحت کہہ رہے بانی سے ملاقات نہیں ہوگی، کیا قانون پر عمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم ان کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ خود اتنے پروٹوکول میں پھرتے ہیں، آئیں ہماری طرح آ کر اکیلے بیٹھیں، یہ جو ہم سے نمٹنے کی باتیں کر رہے، ذاتی طور پر ہم سے نمٹیں، یہ چوری شدہ مینڈیٹ پر بیٹھ کر ہمیں بتا رہے ہیں کہ ہم بھائی سے نہیں مل سکتے۔
