وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل کی کامیابی اور امن کے قیام پر خیرمقدم، حکومتی و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو خراجِ تحسین
لاہور: وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل کی کامیابی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کو سراہا اور بھرپور شاباش دی۔ انہوں نے اس کامیابی کو “پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی بڑی کامیابی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آ جانا قابلِ اطمینان امر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سازشیں اور افواہیں آخرکار دم توڑ گئیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے۔ انہوں نے مذاکرات کی کامیابی پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ عوامی مفاد اور امن ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم آزاد کشمیر کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں، حکومت ہمیشہ اُن کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور آئندہ بھی اُن کے مفادات کا دفاع کرتی رہے گی۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے مسائل پر حکومت کی خصوصی توجہ رہے گی اور ان کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔