قومی سلامتی ترجیح، وفاقی و صوبائی حکومتوں کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے: فیلڈ مارشل
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اولین ترجیح ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں شرکاء کو پاکستان کی علاقائی اور اندرونی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے شرکاء کو خطے کی صورتحال، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات کے حوالے سے بتایا، خطے کی بدلتی صورتحال اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شرکاء کو سمگلنگ، انسداد منشیات اور ملکی سلامتی کیلئے خطرناک جرائم کے خلاف کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا، سرحدی انتظامی امور، غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے اقدامات بارے بتایا گیا، ملکی مفاد کے تحفظ اور امن کیلئے اٹھائے گئےاقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کے شرکاء میں پارلیمنٹیرینز، سول و فوجی افسران، تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے، پاک فوج ملکی یکجہتی، سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ادارے پرعزم ہیں، معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کی کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہوا، پاکستان ایک اہم ملک ہے، اپنا مقام ضرور پائے گا، قوم کی اصل طاقت قومی وحدت میں ہے، دشمن کے تمام مذموم عزائم مل کر ناکام بنائیں گے۔