اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بیکن ہاؤس اسکول سسٹم واہ کینٹ اور عسکری اسکول و کالج سسٹم مانسہرہ کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات
اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والے بیکن ہاؤس اسکول سسٹم واہ کینٹ اور عسکری اسکول و کالج سسٹم مانسہرہ کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر طلبہ کو خوش آمدید کہا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمان کی کارروائی میں طلبہ کی دلچسپی کو سراہا۔ملاقات کے دوران طلبہ کے وفد نے پارلیمنٹ کے کام، قانون سازی کے طریقہ کار اور جمہوری اداروں کے کردار کے حوالے سے سوالات پوچھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے طلبہ کو پارلیمانی امور، عوامی نمائندگی اور قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کی تعلیم، رہنمائی اور قومی شعور کی بیداری ملک کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے نوجوان نسل کو پارلیمانی روایات، آئینی ذمہ داریوں اور جمہوری اقدار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ نوجوانوں کے لیے آگاہی پروگرامز اور تعلیمی دوروں کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے گی تاکہ وہ براہِ راست جمہوری عمل کا مشاہدہ کرسکیں۔
وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کا اہتمام کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور پارلیمانی ماحول سے روشناس ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اسپیکر نے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے مضبوط، ذمہ دار اور بااعتماد شہری ثابت ہوں گے۔