اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن وفد کی ملاقات
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے سینیٹرز اور اراکینِ قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر علامہ راجا ناصر عبّاس، فیصل جاوید، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اور اراکینِ قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان، اقبال آفریدی، عاطف خان، ڈاکٹر امجد علی خان، سردار لطیف کھوسہ اور محمد جمال احسن خان شریک تھے۔
اسپیکر نے اپوزیشن وفد کا اپنے چیمبر میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سے بڑھ کر آپس میں بھائی چارے اور رواداری کا رشتہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2014 سے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے میں ہیں اور ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتے آئے ہیں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ “سیاست ساری عمر نہیں ہوتی، یہ ختم ہو جاتی ہے، لیکن پارلیمانی رواداری اور اراکین کا باہمی رشتہ ہمیشہ قائم رہنا چاہیے۔”
ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی سے اُن کے خاندان کے افراد کی ملاقات کی اجازت دینے کا معاملہ بھی اٹھایا۔
اپوزیشن وفد نے اسپیکر کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کے لیے کیے جانے والے سہولت کار کردار کو سراہا۔