فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالمی دن پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پیغام
اسلام آباد: فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالمی دن پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پیغام
فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی پارلیمان کی غیر متزلزل حمایت اور مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور محاصرے نے بدترین انسانی بحران کو جنم دیا ہے جہاں خوراک، پانی، علاج اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی شدید متاثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور بیماروں کی مسلسل شہادتیں پوری انسانیت کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر غیر قانونی محاصرہ اور انسانی امداد میں رکاوٹ کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاری المیے نے لاکھوں فلسطینیوں کو بے گھر کر دیا ہے اور کئی پوری آبادیاں صفحۂ ہستی سے مٹ چکی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور فلسطینیوں کو ان کے حقِ خود ارادیت کی فراہمی یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو اس حق سے محروم رکھنا انسانیت سوز عمل ہے۔
سردار ایاز صادق نے یاد دلایا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل آزاد و خودمختار ریاستِ فلسطین کے قیام کے حق میں متفقہ قراردادیں منظور کی ہیں، جبکہ القدس الشریف کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مؤقف کی عالمی سطح پر حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور 157 ممالک کا فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنا جدوجہدِ فلسطین کی مضبوط عالمی تائید ہے۔
آخر میں اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور عالمی فورمز پر فلسطینی حقِ خود ارادیت کا بھرپور دفاع جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں نسل کشی رکوانے اور غیر انسانی محاصرہ ختم کرانے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔