سلامتی کونسل: وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی قرار
نیویارک: وینز ویلا کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں چین اور روس نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اوران کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا، اجلاس میں امریکی فوجی کارروائی کو اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
وینزویلا کی صورت حال پر بحث کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرات پر غور کرنا شامل ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے وینزویلا کا معاملہ افہام اور تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
پاکستان کے قائم مقام مندوب عثمان جدون نے کہا کہ تنازع کو حل کرنے کے لیے ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی کا سہارا لینا چاہئے، یکطرفہ فوجی کارروائی سے عدم استحکام کو بڑھاوا ملے گا، یو این چارٹر کسی بھی ملک کی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا۔
عثمان جدون نے مزید کہا کہ دنیا کو پہلے ہی متعدد بحرانوں کا سامنا ہے ایسے میں کیریبیئن میں تناؤ خطے اور عالمی امن کے لیے اچھا نہیں ہے، اس طرح کا سنگین اقدام اچھی مثال قائم نہیں کرے گا اور مستقبل میں غیرمتوقع نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔