اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے وزارت خزانہ، کیو بلاک پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین نیب نے وزیر خزانہ کو ملک میں احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے نیب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نیب کی مختلف تحقیقات کے نتیجے میں قومی خزانے میں جمع کرائی جانے والی رقوم اور ریکوری کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرمین نیب نے بتایا کہ نیب کی جانب سے شفاف اور جامع تحقیقات کے ذریعے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی اور رقوم کی وصولی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر بھی توجہ مرکوز ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی اہداف کے حصول اور ملکی مفاد میں نیب کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت خزانہ قومی اہداف کے حصول اور احتساب کے عمل میں نیب کو ہر ممکن اور بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا