پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنا رہی ہے: شرجیل انعام میمن

پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنا رہی ہے: شرجیل انعام میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنارہی ہے اور ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کوسپورٹ نہ کرے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں سے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف ون سائیڈڈ مہم چلائی جا رہی ہے، موجودہ وقت میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پورے پاکستان کو آنا چاہیے، پیپلزپارٹی نے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی کوششیں تیز کیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے بذات خود سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کئے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے پنجاب کے ہر ضلع میں جاکر امدادی کاموں میں حصہ لیا، چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعظم اور وفاق سے اپیل کی، بلاول بھٹو نے کہا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انٹرنیشنل اداروں سے مدد لی جائے، جن ممالک کی وجہ سے یہ موسمیاتی تبدیلی ہو رہی ہے ان تک آواز پہنچنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے وزیراعظم نے اس سال رمضان پیکج بھی دیا، رمضان پیکج دینے کیلئے بی آئی ایس پی کا ڈیٹا ہی استعمال کیا گیا، سندھ میں سیلاب آیاتو حکومت سندھ نے 21 لاکھ گھر بنانے کی بات کی، سندھ کے ہر ضلع میں گھر بنتے نظر آ رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ کہا گیا کہ کوئی خوددار شخص کیسے انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کر سکتا ہے، ہماری تمام اپیلیں وفاقی حکومت سے تھیں، حکومت پنجاب کی جانب سے مسلسل تنقید کرنا ہماری سمجھ سے باہر ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب حکومت کا اصل ٹارگٹ وفاقی حکومت ہے، پنجاب حکومت وفاق کے خلاف سازش کر رہی ہے، ہم پنجاب حکومت کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کا وزیراعظم سے حسد کا مسئلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے، وزیراعظم جب بھی سندھ آتے ہیں تو وزیراعلیٰ سندھ ان کو پروٹوکول دیتے ہیں، وزیراعظم کو اپنے ہی پنجاب میں پروٹوکول نہیں ملتا اور وہاں کی ایڈمنسٹریشن اس طرح ان کو ریسیو نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کو سپورٹ نہ کرے، ہمیں معلوم ہے سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری میں وقت لگتا ہے، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی اس طرح مدد نہیں کر پا رہی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی وزیراعظم سے کوئی لڑائی ہے تو اس میں پیپلزپارٹی کو شامل نہ کریں، ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں