نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا 8اکتوبر 2005کے ہولناک زلزلے کی 20ویں برسی پیغام

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا 8اکتوبر 2005کے ہولناک زلزلے کی 20ویں برسی پیغام

اسلام آباد (اداریہ نیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے 8 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے کی 20ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زلزلے کو گزرے بیس سال ہوگئے لیکن متاثرین آج بھی ہماری یادوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں قوم نے ثابت کیا کہ ہم ایک مضبوط اور باہمت قوم ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے قدرتی آفات کا تسلسل بڑھ رہا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی اور نقصانات ہو رہے ہیں۔ حالیہ سیلاب سے ساڑھے چھ لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 3856 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے زرعی زمینیں اور گھر تباہ ہوئے، روزگار اور بنیادی سہولیات بھی متاثر ہوئیں، جب کہ چاول، کپاس اور گنے کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط اور مزاحمتی انفراسٹرکچر کی تعمیر ہی ہماری حفاظت کی بنیاد ہے۔ ہمیں خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا اور ریلیف کے نظام کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

شیری رحمان نے زور دیا کہ ملک میں مزاحمت والی عمارتوں اور محفوظ انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ آئندہ آنے والی قدرتی آفات سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارا ملک ہمیشہ محفوظ اور خوشحال رکھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں