پاکستان پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان سے سینیٹر وقار مہدی، سینیٹر مسرور احسن اور رکن سندھ اسمبلی احمد علی کی ملاقات
اسلام آباد (اداریہ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان سے سینیٹر وقار مہدی، سینیٹر مسرور احسن اور رکن سندھ اسمبلی احمد علی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی بنوں ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سرفراز خان، سینئر نائب صدر جاوید مروت اور بنوں سٹی کے صدر طارق سکندری بھی موجود تھے۔


ملاقات میں ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اسی وژن کو پورے ملک میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل ہمایون خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، جس نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی عوامی خدمت کی روشن مثال ہے، جس کا وژن اب پورے ملک میں وسعت پا رہا ہے۔
ہمایون خان نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل کے حل اور جمہوری استحکام کی ضمانت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنایا جا رہا ہے۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے تعلیم، صحت، زراعت اور عوامی فلاح کے میدان میں عملی اقدامات اٹھا کر دیگر صوبوں کے لیے مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور ہمیشہ عوامی حقوق و جمہوریت کے استحکام کے لیے سرگرم رہی ہے۔
سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پیپلز پارٹی اقتدار نہیں بلکہ خدمت کی سیاست کرتی ہے۔
آخر میں ہمایون خان نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ عوام سکون اور اعتماد کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔
