پیپلز پارٹی رہنماؤں ندیم افضل چن اور چوہدری منظور کی نیشنل پریس کلب آمد،حملے کی مذمت، افضل بٹ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد (اداریہ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن اور چوہدری منظور نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی اور سیکرٹری نئیر علی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد نے نیشنل پریس کلب پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور صحافیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، جس میں نیشنل پریس کلب پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ آزادیٔ صحافت پر کسی قسم کا حملہ قابلِ برداشت نہیں، جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ صحافی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
