پاکستان اور مصر دہشت گردی کیخلاف متحد، دفاعی و معاشی شراکت داری پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان اور مصر کے درمیان سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد العاطی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مصری وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی ڈائیلاگ اور معاشی شراکت داری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، اس کے علاوہ دفاع سمیت باقی تمام شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا میں مصر کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، مصری وزیر خارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان مصر کے ساتھ 250 بزنس ہاؤسز کی فہرست شیئر کرے گا، ان بزنس ہاؤسز میں معیشت کے تمام شعبے شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمبر آفس کامرسز اور کاروباری فیڈریشن سے اس میں مشاورت کریں گے، چھ ماہ بعد اس لسٹ میں 250 بزنس ہاؤسز مزید شامل ہوں گے، پاکستان اور مصر کا بزنس فورم بنایا جائے گا، فورم کا پہلا اجلاس مصر میں ہوگا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مصری وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران غزہ سمیت عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر نے پاکستانی طلباء کے سکالر شپ ڈبل کرنے کا اعلان کیا ہے، الاظہر یونیورسٹی میں سکالر شپس دیئے جائیں گے۔
