خواتین کو بااختیار بنانا خیرات نہیں بلکہ قومی خوشحالی میں سرمایہ کاری ہے: مصباح کھر

انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کی سفیر اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر محترمہ مِصباح کھر نے ملینیم یونیورسل انٹرنیشنل کالج (MUIC) میں منعقدہ عالمی یومِ خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا کسی قسم کی خیرات نہیں بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں ایک مضبوط سرمایہ کاری ہے۔
اپنے کلیدی خطاب میں انہوں نے پاکستان کی تاریخ، قومی ترقی اور مستقبل کی تعمیر میں خواتین کے ناگزیر کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تقریب کے منتظمین، معزز مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف خواتین کی کامیابیوں کا اعتراف ہیں بلکہ صنفی مساوات اور قیادت میں نمایندگی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم بھی ہیں۔
محترمہ مصباح کھر نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین محض ایک تہوار نہیں بلکہ اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ معاشرے کے ہر شعبے میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے تحریکِ پاکستان اور قومی تعمیر کے مراحل کا ذکر کرتے ہوئے مادرِ ملت فاطمہ جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ خواتین کو تحریکِ آزادی میں متحرک کیا۔ انہوں نے بیگم رعنا لیاقت علی خان کی سماجی و سیاسی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے جرات، استقامت اور بصیرت کی مثال قائم کی اور خواتین کے لیے قیادت کے دروازے کھولے۔
محترمہ مصباح کھر نے قائد اعظم محمد علی جناح کا یہ تاریخی قول بھی دہرایا کہ “کوئی قوم ترقی کی بلندیوں کو نہیں چھو سکتی جب تک اس کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہ ہوں۔” انہوں نے کہا کہ یہ اصول آج بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے موجودہ چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی خودمختاری پائیدار قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے تعلیم تک مساوی رسائی، قیادت میں نمائندگی بڑھانے اور خواتین کی ترقی میں حائل ساختی رکاوٹوں کے خاتمے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا، “بطور ایک جدید اور باصلاحیت پاکستانی خاتون اور پارلیمانی خدمات کی نمائندہ، میرا پختہ یقین ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا کسی رعایت کا نام نہیں بلکہ قومی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ جب خواتین ترقی کرتی ہیں تو خاندان، معاشرہ اور پوری قوم ترقی کرتی ہے۔”
تقریب میں موجود طالبات اور نوجوان خواتین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپیل کی کہ وہ اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں رہیں، دقیانوسی تصورات کو چیلنج کریں اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں کیونکہ پاکستان کا مستقبل خواتین کی جرات، جدت اور قیادت سے وابستہ ہے۔
عالمی سطح پر صنفی مساوات کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے معروف سماجی کارکن ایما واٹسن اور شاعرہ و دانشور مایا اینگلو کے اقوال کا ذکر کیا اور کہا کہ معاشرتی بیانیے میں مثبت تبدیلی ناگزیر ہے تاکہ لڑکیاں اور لڑکے دونوں مساوی مواقع اور احترام کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر محترمہ مصباح کھر نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں کریں جہاں خواتین اور مرد یکساں طور پر ملک کے روشن مستقبل کی تشکیل میں شریک ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مساوات، وقار اور مواقع کی فراہمی ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے

اپنا تبصرہ لکھیں