سلامتی کونسل میں پاکستان کا صدارتی بیانیہ منظور، جنگوں کے دوران سفارت کاری پر زور

‎
‎
‎نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ ایک صدارتی بیان منظور کر لیا، جس میں تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ مسلح تنازعات شروع ہونے کے بعد بھی سفارتی روابط جاری رکھے جائیں، جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں کی جائیں، کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جائے اور دیرپا سیاسی حل تلاش کیا جائے۔
‎
‎فعال جنگی حالات میں سفارت کاری کا کردار کے عنوان سے جاری ہونے والے اس بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جنگ کے دوران بھی سفارتی روابط انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، ان کے ذریعے شہریوں کا تحفظ، تشدد پر قابو پانے، تنازعات کو پھیلنے سے روکنے اور انسانی امداد کی فراہمی میں مدد مل سکتی ہے۔
‎
‎بیان میں ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جنگ میں مصروف فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ثالثی، دوستانہ مساعی (گڈ آفسز) اور براہِ راست یا بالواسطہ رابطوں کا استعمال کریں، چاہے فوجی کارروائیاں جاری ہی کیوں نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ لکھیں