راولپنڈی: ایئرپورٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کمیونٹی سینٹر پر دکانوں کی تعمیر روکنے کا حکم

راولپنڈی کی عدالت نے ایئرپورٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کمیونٹی سینٹر کے لیے مختص پلاٹ پر دکانوں کی تعمیر اور زمین کی نوعیت تبدیل کرنے پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی۔
11 نومبر 2026 کو ہونے والی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سوسائٹی کی جانب سے کمیونٹی سینٹر کے لیے مختص زمین پر مبینہ طور پر غیر قانونی دکانیں تعمیر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عدالت نے ابتدائی حکم جاری کرتے ہوئے سوسائٹی کو مذکورہ پلاٹ پر کسی بھی قسم کی تعمیرات کرنے یا اس کی موجودہ نوعیت اور استعمال تبدیل کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے جوائنٹ رجسٹرار (فیلڈ) کوآپریٹو سوسائٹیز راولپنڈی کو معاملے پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سماعت کے دوران سوسائٹی کے وکیل نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سوسائٹی کی مینجنگ کمیٹی کو فریق نہیں بنایا گیا۔ عدالت نے درخواست کی نقل فراہم کرنے اور تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 نومبر 2026 تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں