چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے، نیز علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور وطنِ عزیز کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پولیس کو ایک بہادر صفِ اول کا دستہ قرار دیا اور دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔