قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کا خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین، 12 جوان شہید، 35 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، خصوصاً جنوبی وزیرستان، باجوڑ اور دیگر مقامات پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی مؤثر اور کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ان پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ان کارروائیوں کے دوران 12 بہادر سپوت مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 35 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ قائم مقام صدر نے شہداء کی عظیم قربانی کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان شہید جوانوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے جس عزم و حوصلے کے ساتھ اقدامات کر رہی ہیں، وہ نہایت قابلِ تعریف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور آنے والی نسلیں ہمیشہ انہیں یاد رکھیں گی۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ افواجِ پاکستان دنیا کی بہترین اور پیشہ ورانہ افواج میں شمار ہوتی ہیں، جو ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد نہ کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی انسانیت کے دائرے میں آتے ہیں، بلکہ وہ معصوم جانوں کے قاتل اور امن دشمن عناصر ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور ان شاء اللہ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں