اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارکباد۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارکباد۔

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکینِ پارلیمنٹ اور پوری مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے مسیحی برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت، امن، قربانی اور خدمتِ انسانیت کا عظیم پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات صبر، رواداری اور انسان دوستی کا درس دیتی ہیں جو پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام پاکستان کی اجتماعی طاقت ہیں اور یہی اقدار ملک کو مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے تعلیم، صحت اور قومی خدمت کے مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکینِ پارلیمنٹ کا قانون سازی سمیت ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کرسمس اتحاد، محبت اور پائیدار امن کے فروغ کی یاد دہانی ہے اور ہمیں ان اقدار کو اپنی قومی زندگی میں فروغ دینا ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں