افغانستان کے ایجنٹ دہشتگردوں کو بلوچ عوام کے ساتھ مل کر شکست دیں گے، وزیر دفاع
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دہشت گرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں، ہم انہیں بلوچ عوام کے ساتھ مل کر شکست دیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں۔ یہ لوگ ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ہمارے دشمن ہیں، یہ انہی کے ایجنٹ ہیں ۔ دشمنوں کی پشت پناہی سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلی دہائیوں کے دوران بلوچستان میں ترقی ہوئی، سڑکیں اور تعلیمی ادارے تعمیر کیے گئے ہیں۔ جمہوری کلچر بلوچ قوم کا حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے وسائل پر مکمل طور پر بلوچوں کا حق ہے ۔ اگر بلوچستان میں صرف چند لوگ وسائل سے مستفید ہو رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔