چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ابوظہبی میں اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کے دوران متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن کے نتیجے میں پاکستان اور یو اے ای کے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یو اے ای فیڈرل نیشنل کونسل کے اسپیکر صقر غباش سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ، دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پارلیمانی روابط دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی بحالی میں یو اے ای کے کردار کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے تعاون پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے یو اے ای قیادت کے ساتھ اعتماد سازی پر مبنی مکالمے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، سفارتی اور پارلیمانی شراکت داری میں مزید وسعت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اسپیکر فیڈرل نیشنل کونسل کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ متحرک سفارت کاری اور باہمی تعاون کے تحت 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد کا مظہر ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیتا رہے