نیب کی ریکوری اربوں نہیں کھربوں میں ہے، اعظم نذیر تارڑ

سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ قانون نے کہا کہ واگزار کرائی گئی اراضی مختلف افراد کے پاس تھی، نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور اس میں بہتری حکومت نہیں بلکہ اس کا اپنا داخلی میکنزم لاتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ نیب کو غیر سیاسی بنایا گیا ہے اور ماضی میں اسے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا رہا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں احتساب کے عمل کی سمت تبدیل ہوئی جبکہ نیب کا اصل مقصد سرکاری وسائل اور رقوم کی ریکوری تھا، جس پر اب زیادہ توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ چیئرمین کی قیادت میں نیب نے 62 کھرب 13 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی ہے۔

وفاقی وزیرِ قانون نے پلی بارگین کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس طریقہ کار میں ملزم رضاکارانہ طور پر رقوم یا اثاثے واپس کرتا ہے، جس کے بعد اسے قید کی سزا نہیں ہوتی، تاہم وہ نااہل قرار پاتا ہے، حکومت نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کرتی اور ادارہ اپنے قوانین اور طریقہ کار کے مطابق کام کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں