وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے سپلائی کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ پاکستان کیلئے خام تیل اٹھانےکیلئے ایک جہاز پاکستان سے یانبو روانہ کرنےکی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھاکہ اس وقت سعودی عرب کی پاکستان کی سپورٹ پر شکرگزار ہیں، امید ہے کہ بندرگاہ یانبو سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بیشتر پیٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے، ان حالات میں سعودی عرب کی حمایت پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیشِ نظر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان اور سعودی عرب آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔