ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی، کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی کال آف کرے، ہر طرح سے بات کی جائے گی: وزیر اعظم آزاد کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست اپنی رٹ کو قائم کرے گی، کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی کال آف کرے، ہر طرح سے بات کی جائے گی۔

فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھاکہ قطعاً یہ نہیں کہوں گا کہ آزاد کشمیر کی اس وقت صورتحال اچھی ہے، ریاست اس وقت ایک امتحان میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہروں کے دوران جن کی جانیں گئیں، ان کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، ماضی میں جب ہم مذاکرات کے ٹیبل پر بیٹھے تو 14 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں، میری باتوں کو اس وقت ایکشن کمیٹی نے نہ غور سے سمجھا اور نہ سنا۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت آزاد کشمیر کے کرادر کو انہوں نے اس مفاہمتی عمل میں لینے سے خود انکار کیا اور کالعدم کمیٹی نے دو ٹوک کہا ریاست آزاد کشمیر کا کردار نہیں چاہیے، وفاق سے بات کریں گے، آج ساری تنقید ریاست آزاد کشمیر کی حکومت پر کی جا رہی ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ کل بلاول بھٹونے بھی کہاحکومت آزاد کشمیر کیساتھ جوبھی معاہدہ ہواتھا وہ سارے کام کردیے ہیں، جو وفاق کی طرف سے چیزیں باقی تھی وہ کل بجٹ میں شامل ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ کو قائم کرے گی، آپ اپنی کال آف کریں، آپ کے ساتھ ہر طرح سے بات کی جائے گی، اس طرح سے اب مذاکرات ممکن اب نہیں رہے، سب سے پہلے کال آف کریں۔

خواتین اور بچوں کو تحریک کا حصہ بنانے سے متعلق سوال پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھاکہ جو لوگ بھی کسی تاریخ کا حصہ بنتے ہیں وہ بے قصور ہوتے ہیں، انہیں خواب دکھائے جاتے ہیں، ان کی من پسند باتیں بتائی جاتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں