وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد براہ راست عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش رفت کے مثبت اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے س کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کوششیں رنگ لا رہی ہیں اور خطے میں کشیدگی میں کمی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔
علی پرویز ملک کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد براہ راست عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قیمتوں میں کمی کا ریلیف فوری طور پر عوام کو دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف اور ہفتہ وار فارمولہ تیار کرے گی، جس کے تحت قیمتوں میں ردوبدل کی وجوہات بھی عوام کے سامنے واضح طور پر پیش کی جائیں گی تاکہ مکمل شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ فارمولے کو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود حکومت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں تیل کی سپلائی چین کو بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے برقرار رکھا۔
علی پرویز ملک نے اس عمل میں تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان اپنی توانائی سلامتی کی حکمت عملی پر بھی نظرثانی کر رہی ہے، اور آنے والے مہینوں میں توانائی کے شعبے میں اہم اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ ملک کے اسٹریٹجک مفادات کو بہتر طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔