وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کر دیے

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کر دیے

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding – Islamabad MoU) پر بطور ثالث اپنے دستخط کر دیے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر پہلے ہی امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دستخط موجود ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ثالث اور ضامن کے طور پر اس دستاویز کی توثیق کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق اس معاہدے پر دونوں ممالک کے سربراہان کی جانب سے دستخط اس بات کا اظہار ہیں کہ امریکہ اور ایران نے کشیدگی کے خاتمے اور تنازع کے پرامن و سفارتی حل کے لیے سنجیدہ عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک نے باہمی مذاکرات کے ذریعے اختلافات کے حل، خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی اس اہم پیش رفت سے عالمی امن کی کوششوں کو نئی تقویت ملے گی اور پاکستان نے ایک ذمہ دار اور مؤثر ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد یہ معاہدہ فوری طور پر مؤثر ہو گیا ہے اور اس کے تحت دونوں ممالک اعتماد سازی اور سفارتی اقدامات کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد شروع کریں گے۔

سیاسی و سفارتی حلقوں نے اس پیش رفت کو عالمی سطح پر ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی میزبانی اور ثالثی نے امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا

اپنا تبصرہ لکھیں