شریا گھوشال کا لائیو البم ریلیز، مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی
بھارتی میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنا پہلا لائیو البم ”All Hearts Tour – Live
Album“ مارچ 2026 کو ریلیز کر دیا، جسے عالمی سطح پر شائقین کی جانب سے شاندار ردعمل مل رہا ہے۔
یہ البم ان کے حالیہ عالمی ٹورAll Hearts Tour کے دوران مختلف ممالک اور شہروں میں ریکارڈ کی گئی لائیو پرفارمنسز پر مشتمل ہے۔ اس میں نیویارک، لندن، ممبئی، ایمسٹرڈیم اور دیگر بڑے شہروں کے کنسرٹس کی جھلکیاں شامل ہیں۔
البم میں شریا گھوشال کے کیریئر کے مقبول ترین گانوں کی لائیو پیشکش شامل ہے، جن میں ”دیوانی مستانی“، ”سمجھاوان“، ”چکنی چمبیلی“ اور”او ساتھی رے“ جیسے سپرہٹ ٹریکس شامل ہیں۔
ریلیز کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر البم کو بھرپور سراہا ہے اور اسے شریا گھوشال کے کیریئر کا ایک ”یادگار اور جذباتی تجربہ“ قرار دیا جا رہا ہے۔ موسیقی کے ناقدین کے مطابق یہ لائیو البم ان کی آواز کی اصل خوبصورتی اور اسٹیج پر ان کی پرفارمنس کی توانائی کو بہترین انداز میں پیش کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق شریا گھوشال اپنے مداحوں کے مثبت ردعمل سے بے حد خوش ہیں اور انہوں نے اس پروجیکٹ کو اپنے کیریئر کا ایک خاص سنگ میل قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ البم ان تمام مداحوں کے لیے ایک تحفہ ہے جنہوں نے برسوں سے ان کے موسیقی کے سفر کو سپورٹ کیا۔
واضح رہے کہ شریا گھوشال کو جدید بھارتی موسیقی کی صفِ اول کی گلوکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، اور وہ اپنی مدھر آواز کے باعث دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں۔