قومی ایئر لائن ( پی آئی اے) کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اسلم آر خان انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر پر پی آئی اے کے افسران، ملازمین اور ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق اسلم آر خان گزشتہ کئی روز سے علیل تھے۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں چند روز قبل ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زیرِ علاج رہے۔
اسلم آر خان گزشتہ چھ دہائیوں سے پی آئی اے سے وابستہ تھے اور ادارے کی ترقی، استحکام اور انتظامی امور میں ان کی خدمات کو نمایاں حیثیت حاصل تھی۔ پی آئی اے کے حلقوں میں انہیں ایک مدبر، باصلاحیت اور کارکن دوست شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جبکہ ملازمین انہیں ادارے کے لیے ایک شفیق سرپرست کی حیثیت سے دیکھتے تھے۔
پی آئی اے کی تنظیمِ نو اور قومی ایئر لائن کو دوبارہ منافع بخش ادارہ بنانے کی کوششوں میں ان کے فیصلوں اور قیادت کا اہم کردار رہا۔ وہ مشکل حالات میں بروقت اور مؤثر فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے، جبکہ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی بھرپور دلچسپی لیتے تھے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے اسلم آر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے نہ صرف وہ ذاتی طور پر بلکہ پوری پی آئی اے ایک مخلص رہنما اور قابلِ احترام شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔