ایران-امریکا مذاکرات: پاکستان اور قطر کا 60 روزہ روڈ میپ، تکنیکی بات چیت شروع کرنے پر اتفاق

ایران-امریکا مذاکرات: پاکستان اور قطر کا 60 روزہ روڈ میپ، تکنیکی بات چیت شروع کرنے پر اتفاق

دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد اور دوحہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) کے فریم ورک کے تحت مذاکرات کے پہلے مرحلے کی تکمیل ہو گئی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور قطر کی وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کے عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے، جبکہ فریقین نے حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈ میپ بھی منظور کر لیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات فوری طور پر شروع کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک رابطہ لائن قائم کر دی گئی ہے تاکہ بحری نقل و حرکت میں تسلسل اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس میں لبنان اور ثالث ممالک کے نمائندے شامل ہوں گے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق امور کے لیے علیحدہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے، جو تکنیکی سطح پر معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ثالث ممالک تعمیری مذاکراتی ماحول برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، جبکہ تکنیکی مذاکرات آئندہ دنوں میں سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک ریزورٹ میں جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں