بین الاقوامی یومِ پارلیمان: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا جمہوری استحکام، پارلیمانی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے فروغ کا عزم

بین الاقوامی یومِ پارلیمان: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا جمہوری استحکام، پارلیمانی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے فروغ کا عزم

**اسلام آباد (اداریہ نیوز)**
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان سیدال خان ناصر نے بین الاقوامی یومِ پارلیمان (International Day of Parliamentarism) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان کسی بھی جمہوری ریاست کا بنیادی ستون ہے جہاں عوام کی آواز کو آئینی و قانونی شکل دی جاتی ہے اور قومی پالیسیوں کی سمت متعین کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 30 جون کو منایا جانے والا یہ دن اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ مضبوط، خودمختار اور باوقار پارلیمانی ادارے جمہوری استحکام، قانون کی بالادستی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی اعتماد کے لیے ناگزیر ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے مطابق ایک فعال پارلیمان نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے بلکہ قومی یکجہتی، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے فروغ میں بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان وفاق کی وحدت، آئینی بالادستی اور جمہوری روایات کے استحکام کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور عزم اور سنجیدگی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر قانون سازی، پارلیمانی نگرانی، عوامی امنگوں کی ترجمانی اور بین الپارلیمانی تعاون مضبوط جمہوری نظام کے بنیادی ستون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، کیونکہ پارلیمانیں بین الاقوامی تعاون، علاقائی امن، باہمی احترام اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ پاکستان اس سلسلے میں عالمی پارلیمانی برادری کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات کی مؤثر نمائندگی کو ایک مضبوط اور جامع جمہوری نظام کی بنیادی ضرورت قرار دیا۔ ان کے مطابق وہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع اور قومی فیصلوں میں بھرپور شرکت حاصل ہو۔

اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے دنیا بھر کے پارلیمنٹیرینز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت، امن، انصاف اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، آئینی بالادستی کو یقینی بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری دیانت اور تسلسل کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں