وزیراعظم شہباز شریف کا ممکنہ دورہ ایران، اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کا امکان
اسلام آباد (اداریہ نیوز):
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے رواں ماہ جولائی کے آغاز میں ایران کے دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں وہ ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد 3 سے 4 جولائی کے دوران ایران روانہ ہو سکتا ہے۔ اس دورے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری ایرانی صدر مسعود پیزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں متوقع ہے جب پاکستان اور ایران کے تعلقات حالیہ علاقائی پیش رفت کے بعد مزید مضبوط ہوئے ہیں، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایران کے بعد ترکیہ کا بھی دورہ کر سکتے ہیں، جہاں وہ اہم علاقائی اور سفارتی امور پر بات چیت کریں گے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کے گلگت بلتستان کے دورے کا بھی امکان ہے، جہاں وہ نومنتخب وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق یہ ممکنہ دورے خطے میں پاکستان کی فعال سفارت کاری اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔