پاک یوتھ وژن کے 49 رکنی وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ، سینیٹ کے جمہوری نظام سے آگاہی حاصل کی
اسلام آباد (اداریہ نیوز):
پاک یوتھ وژن کے 49 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں وفد کو سینیٹ آف پاکستان کے جمہوری و پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل اور آئینی ارتقا کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران وفد نے سینیٹ میوزیم کا مشاہدہ کیا جہاں انہیں سینیٹ آف پاکستان کی تاریخ، ارتقائی سفر اور اہم پارلیمانی روایات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد نے میوزیم میں موجود تاریخی تصاویر، دستاویزات اور دیگر آرکائیول مواد میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کو ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں پارلیمانی نظام کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

بعد ازاں وفد نے گلیِ دستور کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کے آئینی ارتقا، مختلف آئینی ادوار اور ریاستی و جمہوری سفر سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ شرکاء نے آئینِ پاکستان کی اہمیت اور ریاستی اداروں کے کردار کے حوالے سے گہری دلچسپی ظاہر کی۔
وفد کو سینیٹ ہال کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں انہیں ایوانِ بالا کی کارروائی، قانون سازی کے مراحل، پارلیمانی طریقہ کار اور سینیٹ کے آئینی فرائض و اختیارات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران وفد کے ارکان نے مختلف امور پر سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔
وفد کے شرکاء نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اس مطالعاتی دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے نوجوان نسل میں جمہوری شعور، آئینی آگاہی اور پارلیمانی نظام کی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے بارے میں مزید آگاہی حاصل ہو سکے۔