وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بہبودِ آبادی سے متعلق اہم اجلاس، نیشنل پاپولیشن کونسل جلد فعال کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بہبودِ آبادی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی، وسائل پر بڑھتے دباؤ اور آبادی کی منصوبہ بندی سے متعلق قومی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ **وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔** انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور یہ ملک کی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے **نیشنل پاپولیشن کونسل** کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد بلانے اور قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ فوری طور پر مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے، جبکہ اس کا سیکریٹریٹ وزارتِ منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا۔
اجلاس کو ملک میں آبادی میں اضافے، اس پر قابو پانے اور بہبودِ آبادی کے لیے جاری و مجوزہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہوگا۔
بریفنگ کے مطابق آبادی میں توازن کے حوالے سے مؤثر عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران جیسے اسلامی ممالک آبادی پر قابو پانے کے کامیاب پروگرام چلا رہے ہیں، جن سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔