سبزی منڈی میں مبینہ رشوت اور روزانہ بھتہ وصولی کا معاملہ، صوبائی محتسب پنجاب کا نوٹس

سبزی منڈی میں مبینہ رشوت اور روزانہ بھتہ وصولی کا معاملہ، صوبائی محتسب پنجاب کا نوٹس

اسلام آباد ( انوسٹیگیشن سیل ) صوبائی محتسب پنجاب نے سبزی و فروٹ منڈی ،منڈی بہاولدین میں مبینہ رشوت اور روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصولی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی اور درخواست گزار کو 5 اگست کو طلب کر لیا ہے۔

متاثرہ شہری نے درخواست میں الزام عائد کیا کہ سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی جاوید اقبال نے اس سے 50 ہزار روپے وصول کیے اور روزانہ رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق رقم نہ دینے پر اسے منڈی میں کاروبار کرنے سے روکا گیا، جبکہ عید سے قبل مزید 20 ہزار روپے طلب کیے گئے۔

شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ منڈی میں بعض پھڑی فروشوں سے 500 روپے لے کر انہیں شیڈ کے نیچے جگہ دی جاتی ہے، جبکہ رقم نہ دینے والوں کو شدید گرمی میں دھوپ میں سبزی فروخت کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کا لائسنس ہولڈر ہے اور سالانہ فیس باقاعدگی سے ادا کر رہا ہے، تاہم اس کا روزگار متاثر کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی محتسب پنجاب اور ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین سے معاملے کی شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ اینٹی کرپشن سے بھی تحقیقات کی اپیل کی گئی ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی جاوید اقبال نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ راشد نامی شہری مارکیٹ کمیٹی کا لائسنس ہولڈر نہیں بلکہ منڈی کے راستے میں سبزی کی پھڑ لگاتا ہے، جس سے آمدورفت متاثر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق پھڑ ہٹانے کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد قانونی کارروائی کی گئی۔

صوبائی محتسب پنجاب نے معاملے کی سماعت کے لیے دونوں فریقین کو 5 اگست کو طلب کر لیا ہے

اپنا تبصرہ لکھیں